سوال:

مولانا الیاس قادری صاحب کون ہیں؟

جواب :

مولانا الیاس قادری صاحب انیس سو پچاس میں کراچی میں پیدا ہوئے،ان کے والد پچپن میں ہی فوت ہو گئے تھے ،اس وقت آپ کی عمر ایک یا دو سال تھی ،آپ غریب گھرانے سے تعلق رکھتے تھے،آپ کے گھر میں پنکھا نہیں تھا ،دیواریں کچی تھیں اور گھر میں کھٹمل تھے،آپ نے پچپن ہی میں کام کاج شروع کر دیا تھا ،آپ ریڑھی پر ٹافیاں اور بسکٹ وغیرہ بیچا کرتے تھے،آپ اپنی والدہ کے ساتھ مونگ پھلی بھی چھیلا کرتے تھے جس کی اجرت ایک کلو پر ایک آنہ ملا کرتی تھی،آپ نے زندگی میں بہت سے کام کیے ،آپ نے مسواکیں بیچیں،عطر بیچا،چھاڑوں بیچے،مسجد میں امامت کروائی،اسی عطر بیچنے کی وجہ سے آپ کو عطار کہاجاتا تھا ،آپ نے خود عطار کو اپنے لیے بطور شاعرانہ تخلص بھی اختیا ر کیا۔

آپ کی دو بہنیں اور ایک بھائی تھے ،آپ کے بڑے بھائی ایک ٹرین ایکسیڈنٹ میں فوت ہو گئے تھے ،جب وہ فوت ہوئے تو آپ لوگوں کو ساتھ لے جا کر ان کی قبر پر نعتیں پڑھا کرتے تھے پھر آپ نے موت کے عنوان سے ایک بیان کیا قبرستان میں موجود لوگوں کو سنایا لوگوں پر رقت طاری ہو گئی کیونکہ باتیں دل سے نکل رہی تھیں اس لیے لوگ بھی سن کر رونے لگےیہاں سے آپ کے بیانات کا سلسلہ چل نکلا یاد رہے کہ دعوت اسلامی کے پہلے اجتماع پر بھی آپ نے یہی بیان کیا تھا ۔

آپ مختلف اردو کتب سےمواد جمع کرتے ہیں ،انہیں اپنی مخصوص ترتیب سے لکھتے ہیں پھر اس سے دیکھ کر بیانات کرتے ہیں ،یاد  رہے آپ باقاعدہ کسی مدرسے میں نہیں پڑھے ،نہ آپ حافظ ہیں نہ عالم ہیں ۔

آپ کی دنیاوی تعلیم بھی کچھ خاص نہیں ہے بس آپ نے علماء کی صحبت اور مطالعہ کتب سے سب کچھ سیکھا ہے ،آج دعوت اسلامی میں آپ کا مقام یہ ہے کہ آپ نے دعوت اسلامی کے مدرسے کے سالانہ پروگرام میں درس بخاری دیا ہے جو عام طور پر بیس بیس سال سے حدیث پڑھانے والے شیوخ الحدیث دیا کرتے تھے ،اس درس بخاری دینا علمائے کرام کی نظر میں کیسا ہے ؟فی الحال میں اس حوالے سے کچھ نہیں کہتا ،آپ سادہ طبیعت ،ہمددر، نیک اور متقی آدمی ہیں ،آپ کی وجہ سے ہزاروں بلکہ لاکھوں لوگوں نے داڑھیاں رکھی ہیں عمامے پہنے ہیں اور نمازیں شروع کیں ہیں،آپ کے عظیم کارناموں میں سے دعوت اسلامی ،مدنی چینل ،مساجد،مدارس ،دار الافتاؤں اور دار المدینہ کے اسلامک سکول سسٹم کا قیام شامل ہے،مکتبۃ المدینہ اور مجلس مدینۃ العلمیۃ بھی آپ کے شاندار کارناموں میں سے ایک ہیں ،اللہ تعالی سے دعا ہے ،اللہ تعالی ہے کہ مولانا الیاس قادری پر کروڑوں رحمتیں نازل فرمائے اور ان کے صدقے ہماری مغفرت فرمائے ۔

از

احسان اللہ کیانی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے