مغرب کی تیسری رکعت میں ملنے کا طریقہ
سوال:
اگر کوئی شخص مغرب کی تیسری رکعت میں رکوع کے بعد شامل ہوتا ہے تو وہ کیسے بقیہ نماز ادا کرے گا.؟
جواب:
اگر اسے تیسری رکعت کا رکوع مل جاتا تو ایک رکعت مل جاتی لیکن اسے تیسری رکعت کا بھی رکوع نہیں ملا, اس وجہ سے اسے ایک رکعت بھی نہیں ملی۔
اس لیے اب وہ امام صاحب کے بعد اپنی تین رکعتیں ادا کرے گا۔
اس کا طریقہ یہ ہوگا,جب امام صاحب سلام پھیر دیں گے تو یہ کھڑا ہو جائے گا, پہلی رکعت ادا کرے گا, پہلی رکعت کے بعد قعدہ نہیں ہوتا, اس لیے قعدہ نہیں کرےگا۔
پھر دوسری رکعت ادا کرکے قعدہ کرے گا اور التحیات ۔۔عبدہ و رسولہ تک پڑھ کر کھڑا ہو جائے گا۔
پھر تیسری رکعت پڑھے گا اور قعدے میں بیٹھ کر التحیات, درود اور دعا پڑھ کر سلام پھیر دے گا۔
اگر کوئی شخص تیسری رکعت میں رکوع سے پہلے مل جاتا ہے تو اس صورت میں اسے ایک رکعت مل جائے گی, اس وجہ سے امام صاحب کے بعد اب وہ دو رکعتیں پڑھے گا۔
اس کا طریقہ یہ ہوگا, جب امام صاحب سلام پھیر دیں گے تو وہ کھڑا ہو جائے گا, کیونکہ یہ اس کی دوسری رکعت ہے , اس وجہ سے یہ اس کے بعد قعدہ کرے گا اور التحیات ۔۔عبدہ و رسولہ تک پڑھ کر کھڑا ہو جائے گا۔
پھر تیسری رکعت پڑھ کر, قعدہ کرے گا اور درود اور دعا کے بعد سلام پھیر دے گا۔
COMMENTS