نوکری کے حصول کیلئے چند اہم وظیفے
سوال :
میں کافی عرصے سے بے روزگار ہوں، مجھے کوئی نوکری نہیں مل رہی ، میں جہاں بھی اپلائی کرتا ہوں ، مجھے بلایا نہیں جاتا، میں تنگ آچکا ہوں، آخر میرے ساتھ ایسا کیوں ہو رہا ہے،مجھے اس وقت کیا کرنا چاہیے، برائے مہربانی مجھے نوکری کے حصول کیلئے کوئی وظیفہ بھی بتا دیں جس سے مجھے جلدی ملازمت مل جائے ۔
جواب:
آج کل نوکری نہ ملنا تقریبا ہر دوسرے نوجوان کا مسئلہ ہے، اس کی وجہ سے لوگ ڈپریشن کا شکارہیں، کچھ توبےروزگاری سے تنگ آکر خود کشی کر چکے ہیں جبکہ کچھ ناجائز اور حرام ذرائع اختیار کرچکے ہیں،کیا آپ نے کبھی غور کیا کہ نوکری نہ ملنے کے کیا اسباب ہوتے ہیں؟
نوکری نہ ملنے کے اسباب
نوکری نہ ملنے کے چند اسباب ہوتے ہیں۔
پہلا سبب حدیث شریف میں بیان کیا گیا ہےکہ بعض گناہ ایسے ہوتے ہیں کہ انہیں معاش کی طلب میں خواری ہی معاف کرواتی ہے۔
دوسرا سبب یہ ہوتا ہے کہ اللہ تعالی اس طرح کے حالات پیدا کرکے آپ کو اپنی بارگاہ کی طرف لانا چاہ رہے ہوتے ہیں۔
تیسرا سبب یہ ہوتا ہے کہ اللہ تعالی نہیں چاہتے کہ آپ نوکری کریں بلکہ اللہ تعالی آپ سے کوئی بڑا کام لینا چاہتے ہیں ،یوں سمجھ لیں کہ اللہ تعالی نے آپ کیلئےبڑا پلان بنا رکھا ہے ،مثلا اللہ تعالی چاہتے ہیں کہ آپ کسی کے نوکر نہ بنیں بلکہ آپ لوگوں کو نوکریاں دیں، اس کو مثال سے سمجھیں، ملک ریاض صاحب کو اگرشروع میں ہی سرکاری نوکری مل جاتی توشاید وہ آج بحریہ ٹاؤن کے مالک نہ ہوتے،دوسری مثال دیکھیں، مولانا طارق جمیل صاحب اگر ڈاکٹر بن جاتے تو آج لاکھوں لوگ ان کے چاہنے والے نہ ہوتے۔
نوکری نہ ملے تو کیا کرنا چاہیے
جب تک آپ کو نوکری نہیں مل رہی تو آپ صبر کریں، اس کے ساتھ ساتھ اللہ تعالی نے اپنے سابقہ گناہوں کی معافی مانگیں تاکہ اگر یہ کسی گناہ کی سزا ہے تو وہ گناہ سچی توبہ سے معاف ہو جائے اور یہ سزا ختم ہو جائے۔
اگر نوکری نہ ملنے کا سبب یہ ہے کہ اللہ تعالی آپ کو اپنی طرف لانا چا رہے ہیں تو دیر نہ کیجیے فورا اللہ تعالی سے اپنا ٹوٹا ہوا تعلق بحال کر لیجیے اور پھر بے فکر ہو جائیے کیونکہ اگر آپ نے اس ذات سے تعلق بحال کر لیا تو پھر آپ کو دنیا کی کسی چیز کی ضرورت ہی نہیں رہے گی پھر خود بخود آپ کے کام ہونے لگیں گے۔
اگر نوکری نہ ملنے کا سبب تیسرا ہے تو آپ اپلائی کریں اور ساتھ مختلف لوگوں سے ملیں جو کوئی کاروبار کر رہے ہیں، ان سے پوچھیں،ا ٓپ نے کیسے شروع کیا تھا،ان کے واقعات سے سبق لیں اور خود بھی کوئی چھوٹا موٹا کام شروع کر دیں، شروع میں بالکل کم پیسے لگائیں تاکہ اگر نقصان ہو تو زیادہ نہ ہو، شروع کے نقصان سے پریشان نہ ہوں کیونکہ انسان جتنی بار ناکام ہوتا ہے بعد میں اتنا ہی کامیاب ہوتا ہے۔
نوکری کے حصول کیلئے وظیفے
پہلے اسے سمجھ لیجیے کہ نوکری حاصل کرنے کیلئے ہم وظیفے کیوں پڑھتے ہیں، صاف سی بات ہے،یہ اللہ کی بارگاہ میں ایک درخواست ہوتی ہے ،جس میں ہم کہتے ہیں کہ یا اللہ میں تیرا فلاں نام اتنی بار پڑھ رہا ہوں ،اس کے صدقےمیری مشکل کو حل فرما ،آپ نے میری یہ بات سمجھ تو ضرور آپ کو میرے بتائے ہوئے وظیفے فائدہ دیں گے، ان شاء اللہ
نوکری حاصل کرنے کیلئے پہلا وظیفہ
ملازمت حاصل کرنے کیلئے پہلا وظیفہ یہ ہے
یا مُسَبِّبَ الاَسبَاب
اس کا معنی ہے، اے وہ ذات جو اسباب پیدا کرنے والی ہے، اس کے ذریعے آپ بار بار اللہ کی بارگاہ میں درخواست کریں گے، اے اسباب پیدا کرنے والی ذات !میرے رزق کیلئے بھی اسباب پیدا فرما۔
ملازمت کے حصول کیلئے دوسرا وظیفہ
ملازمت کیلئے دوسرا وظیفہ یہ ہے
یا علیمٌ بذَاتِ الصُدُور
اس کا معنی ہے، اے وہ ذات جو دلوں كی باتوں كو جانتی ہے، اس کے ذریعےآپ اللہ کی بارگاہ میں بار بار عرض کریں گے کہ اے میرے مولی! تو میرے دل کی بات جانتا ہے،میں حلال رزق کا متلاشی ہوں ،میرے لیے اس کا بندوبست فرما ، بے شک تیرے سوا کوئی یہ نہیں کر سکتا۔
نوکری کے حصول کیلئے تیسرا وظیفہ
نوکری کے حصول کیلئے ہم تیسرا وظیفہ یہ ہے
یا رَزَّاقُ
اس کا معنی ہے ، اے رزق دینے والے، اس کے ذریعے آپ اللہ کی بارگاہ میں یوں عرض کریں گے، اے میرے مولی ! تو ساری کائنات میں رزق باٹنے والا ہے، میرے لیے بھی رزق کے دروازے کھول دے ۔
آپ ان تینوں وظیفوں کو اٹھتےبیٹھتے، چلتے پھرتے اور سوتے جاگتے ہر وقت پڑھتے رہیں اور اس کے معنی پر غور کرتے رہیں، ضرور اللہ آپ کیلئے اسباب پیدا فرما دے گا،آپ کو نوکری یا کاروبار فورا ہی مل جائے گا یا پھر آپ اس راستے پر چل پڑیں گے جو مستقبل میں آپ کو قابل رشک بنا دے گا۔
تحریر کا خلاصہ
نوکری نہ ملنے کے تین اسباب ہوتے ہیں، پہلا سبب :کچھ گناہ جن کا کفارہ رزق کی طلب میں خواری ہوتی ہے، دوسرا سبب :ایسے حالات کے ذریعے اللہ تعالی آپ کو اپنی بارگاہ کی طرف لانا چاہتا ہے، تیسرا سبب :اللہ تعالی نے آپ کو نوکری کیلئے نہیں بنایا بلکہ اللہ تعالی آپ سے کوئی بڑا کام لینا چاہتے ہیں۔
جب تک نوکری نہیں ملتی اس وقت تک کیا کرنا چاہیے ، سب سے پہلے تو اس وقت صبر کرنا چاہیے ، ساتھ اپنے سابقہ گناہوں سے معافی مانگنی چاہیے، اللہ تعالی سے اپنا تعلق بحال کرنا چاہیے اور لوگوں سے سیکھ کر کوئی چھوٹا موٹا کاروبار شروع کر لینا چاہیے۔
نوکری کے حصول کیلئے تین وظیفے ہیں، پہلا وظیفہ یا مسبب الاسباب ، دوسرا وظیفہ یا علیم بذات الصدور اور تیسرا وظیفہ یا رزاق ،ان تینوں وظیفوں کے ذریعے آپ نے بار بار اللہ کی بارگاہ میں یہ عرض کرنی ہے کہ اے میرے مولی میرے لیے مناسب رزق کے دروازے کھول دے۔
آپ کی دعاؤں کا طالب :
احسان اللہ کیانی
بارہ ۔مئی ۔دو ہزار بائیس
ہماری یہ تحریریں بھی امید ہے کہ آپ کو مفید لگیں گی۔
Gunah Chorne ka wazifa
Dua ki Taqat
تنگ دست مقروض کو مہلت دینا
COMMENTS